22 ستمبر 2012 - 22:38

ترکی ری پبلیکن پیپلز پارٹی کے راہنما نے کہا ہے کہ ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوگان شام کے مسئلے میں مغربی دارالحکومتوں کی ڈکٹیشن پر عملدرآمد کررہے ہیں اور ان کے علاقائی سیاسی رجحانات ترکی کی سلامتی کے لئے خطرناک ہیں۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی ری پبلکن پیپلز پارٹی (Republican People's Party of Turkey) (یا Cumhuriyet Halk Partisi) کے راہنما کمال قلیچدار اوغلو (Kemal Kilicdaroglu) نے کہا ہے کہ شام کی ناگفتہ بہ صورت حال کی ذمہ داری ترک حکومت اور وزير اعظم رجب طیب اردوگان پر عائد ہوتی ہے۔
انھوں نے شام کی حکومت کے خلاف برسرپیکار دہشت گردوں کی فوجی  و تربیتی حمایت اور انہیں شام کے اندر روانہ کرنے میں اردوگان حکومت کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کے سلسلے میں اردوگان کی پالیسیاں ترکی کی قومی سلامتی کے لئے خطرہ اور اخلاقیات کے منافی ہیں۔
ترکی کی سب سے پرانی سیاسی جماعت کے قائد نے روز جمعہ "ہم امن کے خواہاں ہیں" کے نعرے کے تحت استنبول میں منعقدہ ایک بڑی عوامی ریلی میں شرکت کرکے کہا: اردوگان شام کی دشمنی کے لئے مغرب کے خچر پر سوار ہیں تاہم وہ قطعی طور پر دھڑام سے زمین پر آرہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ: ترکی میں مزید کوئی اردوگان کو احترام کی نگاہ سے نہیں دیکھتا کیونکہ وہ شام میں ایک فریق کی حمایت کررہے ہیں اور ان کی یہ پالیسی انقرہ ـ دمشق کے نہایت مثبت تعلقات کے مکمل خاتمے کا سبب بنی ہوئی ہے۔
انھوں نے کہا: اردوگان شام کے سلسلے میں مغربی دارالحکومتوں کے احکامات پر عملدرآمد کررہے ہیں اور ان کی یہ پالیسی ترکی کے لئے عظیم نقصانات اور مشکلات پیدا کرے گی۔
ترکی کی برسراقتدار جماعت اور وزیر اعظم اردوگان کی مخالف جماعتوں نے جمعہ کے روز اردوگان حکومت کے خلاف پرامن ریلیاں نکالیں اور ان کی پالیسیوں کے پس پردہ عوامل کو فاش کردیا۔
ترکی کی اہم ترین سیاسی جماعت ترکی ری پبلیکن پیپلز پارٹی کے بعض اراکین نے حال ہی میں ایک رپورٹ شائع کرکے امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور قطر کے کرائے کے جاسوسوں کی سرگرمیوں سے پردہ اٹھایا جو شامی سرحد پر حکومت شام کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
........
/110